Monday, May 9, 2016

چاروں اماموں کا مختصر تعارف

چاروں اماموں کا مختصر تعارف
(۱) حضرت امام اعظم نعمان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ

آپ کا لقب ابو حنیفہ ہے۔ شہر کو فہ میں ۸۰ھ؁ میں پیدا ہوئے۔ ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فقہ کے بانی ہیں۔ آپ کے اجتہادی مسائل تقریباً بارہ سوسال سے تمام اسلامی ملکوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور چونکہ آپ کا مذہب اصول سلطنت سے بہت مناسبت رکھتا ہے اس لیے بڑی بڑی عظیم اسلامی سلطنتوں میں آپ ہی کے مسائل ، قانون سلطنت تھے اور آج بھی ہیں۔ اسلامی دنیا کا بیشتر حصہ آپ ہی کے مذہب کا پیرو ہے۔ تما م ائمہ میں یہ خصوصیت اور شرف صرف آپ کو حاصل ہے کہ صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے آپ کی ملاقات ہوئی۔

بغداد شریف میں ۱۵۰ھ؁ میں آپ کا انتقال ہوا۔ مقبولیت کا عالم یہ تھا کہ پہلی بار نماز جنازہ میں کم و بیش پچاس ہزار کا مجمع تھا۔ اس پر آنے والوں کا سلسلہ قائم تھا۔ یہاں تک کہ چھ بار نماز جنازہ پڑھی گئی۔ مزار شریف بغداد شریف میں مشہور اورمتبرک مقامات سے ہے۔ آپ کے شاگردوں کے شاگردوں میں امام بخاری اور دوسرے بڑے بڑے محدثین کرام ہیں۔ آپ کے مقلد حنفی کہلاتے ہیں۔

(۲) حضرت امام محمد بن ادریس شافعی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ

آپ کا لقب شافعی ہے۔ امام اعظم ابو حنیفہ کا سال وفات اور حضرت امام شافعی کا سال ولادت ایک ہے یعنی آپ ۱۵۰ھ؁ میں بمقام عسقلان پیدا ہوئے آپ کا لقب ابو عبداللہ ہے۔ آپ ہاشمی قریشی مطلبی ہیں۔ علم فقہ، اصول، حدیث اور دیگر علوم وفنون میں کوئی اور آپ کا ہم پایہ نہ تھا۔ زہد و تقویٰ و سخاوت اور حسن سیرت میں آپ یکتائے روزگار تھے۔ ۵۴ سال کی عمر شریف میں ۲۰۴ھ؁ میں انتقال فرمایا۔ مزار شریف قرانہ (مصر) میں ہے۔ آپ کے مقلد شافعی کہلاتے ہیں۔

(۳) حضرت امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ
مدینہ منورہ میں ۹۵ھ؁ میںپیدا ہوئے۔ آپ کی کنیت ابو عبداللہ ہے۔ فقہ و حدیث میں تمام اہل حجاز آپ کو امام تسلیم کرتے تھے۔ حضرت امام شافعی آپ ہی کے شاگردان رشید سے ہیں۔ آپ کے چشمہ علم سے بڑے بڑے ائمہ و مجتہدین سیراب ہوئے۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے آپ کو کمال عشق تھا۔ حضور کی محبت میں ساری زندگی مدینہ شریف ہی میں گزاری۔ مدینہ طیبہ ہی میں ۱۷۹ھ؁ میں انتقال فرمایا۔ یہیں مزار شریف ہے۔ عمر شریف ۸۴ سال کی ہوئی۔ آپ کے مقلد مالکی کہلاتے ہیں۔

(۴) حضرت امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ




بغداد شریف میں ۱۶۴ھ؁ میں پیدا ہوئے۔ وہیں آپ نے پرورش پائی۔ آپ کے فضائل و واقعات زبان زدخواص و عوام ہیں۔ خلیفہ مامون رشید کے زمانے میں جب خلق قرآن کا فتنہ اٹھا تو آپ نے کلمہ حق کا حق ادا کیا۔ ہزار مصائب جھیلے لیکن دین پر آنچ نہ آنے دی۔ بغداد شریف ہی میں آپ نے ۲۴۱ھ؁ میں وفات پائی۔ عمر شریف ۷۷ سال تھی۔ آپ کے مقلد حنبلی کہلاتے ہیں

No comments: