Thursday, May 1, 2014

تم چاند سے زیادہ خوب صورت ہو

بغداد کے رہنے والے ایک شخص موسیٰ بن عیسیٰ نے فرط محبت میں اپنی بیوی کو کہہ دیا کہ اگر تم چاند سے زیادہ خوبصورت نہیں ہو تو تمہیں تین طلاق۔ بیوی سن کر پریشان ہوگئی اور سمجھا کہ طلاق ہوگئی ہے اور خاوند کے سامنے آنا چھوڑ دیا۔ خاوند بھی بہت پریشان ہوا کہ جذبات میں غلط بات کہہ دی۔
اس شخص نے خلیفہ منصور کے پاس جاکر سارا ماجرا بیان کیا ۔ خلیفہ نے بغداد کے بڑے بڑے علماء اور فقہا کو بلایا اور ان سے یہ مسلئہ پوچھا تو انہوں نے بھی کہا کہ طلاق ہوگئ،۔ وہ آدمی اور زیادہ پریشان ہوگیا ۔ کسی نے جاکر ایک اور عالم سے یہ مسلئہ بیان کیا تو انہوں نے کہا کہ جاؤ اس آدمی سے کہہ دو پریشان نہ ہو، طلاق نہیں ہوئی۔
خلیفہ منصور تک بھی یہ بات پہنچی تو وہ بہت حیران ہوا کہ سب فقہاء نے تو کہا ہے طلاق ہوگئی جبکہ یہ کہہ رہے ہیں کہ طلاق نہیں ہوئی۔ انہوں نے ان سے پوچھا کہ آپ کس طرح ایسے کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ اس کی دلیل قران سے ہے ۔ اللہ قران میں فرماتے ہیں:
لقد خلقنا الانسان فی احسن تقویم 
بے شک ہم نے انسان کو بہترین قوام کے ساتھ پیدا کیا ۔
اس لیے انسان سب سے خوبصورت ہے۔ خلیفہ انکے جواب سےبہت خوش ہوا اور موسیٰ کو کہہ دیا کہ طلاق نہیں ہوئی۔
یہ عالم اپنے وقت کے مشہور محدث امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ تھے جو امام ابو حنیفہ رحمتہ اللہ علیہ کے شاگردوں میں سے تھے۔
حیات الحیوان جلد اول

No comments: