Thursday, July 20, 2017

چالاک درزی

مولانا رومی رحمتہ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں کہ ایک شیریں زبان آدمی رات کو دوستوں کی محفل میں بیٹھ کر درزیوں کے بارے میں مزے دار قصے سنا رہا تها، داستان گو اتنی معلومات رکهتا تها کہ باقاعدہ اچها خاصا درزی نامہ مرتب ہو سکتا تها، جب اس آدمی نے درزیوں کی چوری اور مکاری سے گاہکوں کا کپڑا غائب کر دینے کے ان گنت قصے بیان کر ڈالے، سننے والوں میں ملک خطا کا ایک ترک جسے اپنی دانش و ذہانت پر بڑا ناز تها کہنے لگا :
" اس علاقے میں سب سے گرو درزی کونسا ہے ...؟ "

داستان گو نے کہا :
" یوں تو ایک سے ایک ماہر فن اس شہر کے گلی کوچوں میں موجود ہیں، لیکن پورش نامی درزی بڑا فنکار ہے، اس کے کاٹے کا منتر ہی نہیں، ہاتھ کی صفائی میں ایسا استاد کہ کپڑا تو کپڑا آنکهوں کا کاجل تک چرالے اور چوری کا پتہ نہ لگنے دے ... "

ترک کہنے لگا :
" لگا لو مجھ سے شرط میں اس کے پاس کپڑا لے کر جاؤں گا، اور دیکهوں گا کہ وہ کیونکر میری آنکهوں میں دهول پهونک کے کپڑا چراتا ہے، میاں کپڑا تو درکنار ایک تار بهی غائب نہ کر سکے گا ...! "

دوستوں نے جب یہ سنا تو کہنے لگے :
" ارے بهائی ذیادہ جوش میں نہ آ، تجھ سے پہلے بهی بہت سے یہی دعوی کرتے آئے اور اس درزی سے چوٹ کها گئے، تو اپنی عقل و خرد پر نہ جا، دهوکا کهائے گا ...! "

محفل برخاست ہونے کے بعد ترک اپنے گهر چلا گیا، اسی پیچ و تاب اور فکر و اضطراب میں ساری رات گزاری، صبح ہوتے ہی قیمتی اطلس کا کپڑا لیا اور پورش درزی کا نام پوچهتا پوچهتا اس کی دکان پر پہنچ گیا، درزی اس ترک گاہک کو دیکهتے ہی نہایت ادب سے کهڑا ہوکر تسلیمات بجا لایا، درزی نے خوش اخلاقی و تعظیم و کریم کا ایسا مظاہرہ کیا کہ ترک بےحد متاثر ہوا اور دل میں کہنے لگا :
" یہ شخص تو بظاہر ایسا عیار اور دغاباز نظر نہیں آتا، لوگ بهی خواہ مخواہ رائی کا پہاڑ بنا دیتے ہیں ...! "

یہ سوچ کر قیمتی اطلس درزی کے آگے دهر دی اور کہنے لگا
" اس اطلس کی قبا مجهے سی دیں ... "

درزی نے دونوں ہاتھ ادب سے اپنے سینے پر باندهے اور کہنے لگا :
" حضور قبا ایسی سیوں گا جو نہ صرف آپ کے جسم پر زیب دے گی بلکہ دنیا دیکهے گی ...!"

اس نے کپڑا گز سے ناپا، پهر کاٹنے کے لئے جابجا اس پر نشان لگانے لگا، ساتھ ہی ساتھ ادهر ادهر کے پرلطف قصے چهیڑ دیئے ہنسنے ہنسانے کی باتیں ہونے لگیں، جن میں ترک کو بےحد دلچسپی ہوگئی، جب درزی نے اسکی دلچسپی دیکهی تو ایک مزاحیہ لطیفہ سنایا جسے سن کر ترک ہنسنے لگا اس کی چندهی چندهی آنکهیں اور بهی مچ گئیں درزی نے جهٹ پٹ کپڑا کاٹا اور ران تلے ایسا دبایا کہ سوائےخدا کی ذات کے اور کوئی نہ دیکھ سکا، غرض کی اس پرلطف داستان سرائی میں ترک اپنا اصل مقصد اور دعوی فراموش کر بیٹها، کدهر کی اطلس، کہاں کی شرط، ہنسی مذاق میں سب سے غافل ہو گیا، اور ترک درزی سے کہنے لگا کہ :
" ایسی ہی مزیدار کوئی اور بات سناو ...! "

درزی نے پهر چرب زبانی کا مظاہرہ کیا، ترک اتنا ہنسا کہ اس کی آنکهیں بالکل بند ہوگئیں، ہوش و حواس رخصت، عقل و خرد الوداع، اس مرتبہ درزی نے پهر کپڑا کاٹ کر ران تلے دبا لیا، ترک نے چوتهی بار مذاق کا تقاضا کیا تو درزی کو کچھ حیا آ گئی اور کہنے لگا :
" مزید تقاضا نہ کر اگر ہنسی کی اور بات کہوں گا تو تیری قبا تنگ ہو جائے گی ...! "

مولانا رومی رحمتہ اللہ تعالٰی علیہ نصیحت فرماتے ہیں کہ :
" جانتے ہو وہ ترکی کون تها ...؟
دغاباز درزی کون تها ...؟
اطلس کیا ہے ...؟
اور ہسنی مذاق کیا ہے ...؟
قینچی کیا ہے ...؟
اور قبا کیا چیز ہے ...؟ "

" سنوں ...! وہ غافل ترک "تیری ذات ہے" جسے اپنی عقل و خرد پر بڑها بهروسہ ہے، وہ عیار دهوکہ باز درزی "یہ دنیائے فانی"  ہے، ہنسی مذاق "نفسانی جذبات" ہیں، " تیری عمر" اطلس پر دن رات درزی کی "قینچی" کی مانند چل رہے ہیں دل لگی کا شوق تیری "غفلت" ہے، اطلس کی قبا تجهے
"بهلائی اور نیکی" کے لئے سلوانی تهی، وہ فضول مذاق اور قہقہوں میں تباہ و برباد ہو گئی ...! "

Saturday, July 1, 2017

ستارہ مچھلی اور ہمارا کام

ایک دفعہ کا ذکر ہے، ایک دانشمند مضمون نگاری کے لئے سمندر کا رخ کیا کرتا تھا- اس کی عادت تھی کہ کام شروع کرنے سے پہلے وہ ساحل سمندر پر چہل قدمی کیا کرتا تھا۔

ایک روز وہ ساحل پر ٹہل رہا تھا تو اسے کچھ دور کنارے پر ایک انسانی ہیولا کسی رقاص کی مانند حرکت کرتا دکھائی دیا- وہ متجسس ہوا کہ یہ کون شخص ہے جو دن کا آغاز رقص سے کرتا ہے- یہ جاننے کے لئے وہ تیز قدموں سے اس کی جانب چل پڑا- وہ نزدیک پہنچا تو دیکھا کہ وہ ایک نوجوان ہے- نوجوان رقص نہیں کر رہا تھا- وہ ساحل پر جھکتا، کوئی شے اٹھاتا اور پھر پھرتی سے اسے دور سمندر میں پھینک دیتا۔

دانش مند اس نوجوان کے پاس پہنچا اور بلند آواز میں پوچھا، "صبح بہ خیر جوان! یہ تم کیا کر رہے ہو ؟"

نوجوان نے قدرے توقف کیا نظریں اٹھا کر دانش مند کی جانب دیکھا اور بولا

"ستارہ مچھلی کو سمندر میں پھینک رہا ہوں"

"میں سمجھا نہیں۔ تم ستارہ مچھلی کو سمندر میں کیوں پھینک رہے ہو؟"

"سورج چڑھ رہا ہے اور لہریں پیچھے ہٹ رہی ہیں۔ میں نے انھیں پانی میں نہیں پھینکا تو یہ مر جائیں گی۔"

"لیکن نوجوان! یہ ساحل تو میلوں تک پھیلا ہوا ہے اور سارے ساحل پر ستارہ مچھلیاں بکھری ہوئی ہیں ممکن نہیں کہ تمھاری اس کوشش سے کوئی فرق پڑے"

نوجوان نے شائستگی سے دانش مند کی بات سنی، نیچے جھک کر ایک اور ستارہ مچھلی اٹھائی اور اسے پیچھے ہٹتی ہوئی لہروں کے اندر پوری قوت سے اچھالتے ھوئے بولا

"لیکن اس کے لیے تو فرق پڑ گیا نا"

ہمیں بھی اسی طرح ہر کسی کے ساتھ اچھائی کرتے رہنا چاہیے یہ سوچے بغیر کہ اس سے معاشرے پر فرق پڑے گا کہ نہیں، کیوںکہ جس کے ساتھ اچھائی کی گئی اُس پر تو پڑے گا نا۔۔

Tuesday, June 27, 2017

با ادب با نصیب.. بے ادب بے نصیب

ایک بار جناب بہلول دانا رحمتہ اللّه علیہ کسی نخلستان میں تشریف رکھتے تھے - ایک تاجر کا وھاں سے گذر ھوا --- وہ آپ کے پاس آیا اور سلام کر کے مودب سامنے بیٹھ گیا اور انتہائی ادب سے گذارش کی.. " حضور ! تجارت کی کونسی ایسی جنس خریدوں جس میں بہت نفع ھو.. "
جناب بہلول نےفرمایا.. " کالا کپڑا لے لو.. "
تاجر نے شکریہ ادا کیا اور الٹے قدموں چلتا واپس چلاگیا.. جا کر اس نے علاقے میں دستیاب تمام سیاہ کپڑا خرید لیا..
کچھ دنوں بعد شہر کا بہت بڑا آدمی انتقال کر گیا.. ماتمی لباس کے لئے سارا شہر سیاہ کپڑے کی تلاش میں نکل کھڑا ھوا.. اب کپڑا سارا اس تاجر کے پاس ذخیرہ تھا.. اس نے مونہہ مانگے داموں فروخت کیا اور اتنا نفع کمایا جتنا ساری زندگی نہ کمایا تھا اور بہت ھی امیر کبیر ھو گیا..
کچھ عرصے بعد وہ گھوڑے پر سوار کہیں سے گذرا.. جناب بہلول وھاں تشریف رکھتے تھے.. وہ وہیں گھوڑے پر بیٹھے بولا.. " او دیوانے ! اب کی بار کیا لوں.. ؟"
بہلول دانا رحمتہ اللّه علیہ نے فرمایا.. " تربوز لے لو.. "
وہ بھاگا بھاگا گیا اور ساری دولت سے پورے ملک سے تربوز خرید لئے.. ایک ہی ہفتے میں سب خراب ہو گئے اور وہ کوڑی کوڑی کو محتاج ہو گیا..
اسی خستہ حالی میں گھومتے پھرتے اس کی ملاقات جناب بہلول دانا رحمتہ اللّه علیہ  سے ھوگئی تو اس نے کہا.. " یہ آپ نے میرے ساتھ کیا کِیا..? "
جناب بہلول دانا رحمتہ اللّه علیہ نے فرمایا.. " میں نے نہیں ' تیرے لہجوں اور الفاظ نے سب کیا.. جب تونے ادب سے پوچھا تو مالا مال ہوگیا.. اور جب گستاخی کی تو کنگال ہو گیا.. "
اس کو کہتے ہیں...

باادب با نصیب.. بے ادب بے نصیب.....

Friday, June 23, 2017

نیکی کی قیمت

ﻧﻴﮑﻲ ﮐﮯ ﻣﺘﻌﻠﻖ ﺍﻳﮏ ﺧﻮﺑﺼﻮﺭﺕ ﮐﮩﺎﻧﻲ
ﺍﻳﮏ ﺩﻓﻌﮧ ﮐﺎ ﺫﮐﺮ ﮨﮯ ﮐﮧ ﮐﺴﻲ ﺷﮩﺮ ﻣﻴﮟ ﺍﻳﮏ ﺑﮩﺖ ﮨﻲ ﻏﺮﻳﺐ ﻟﮍﮐﺎ ﺭﮨﺘﺎ ﺗﮭﺎ - ﻟﮍﮐﺎ ﻏﺮﻳﺐ ﺿﺮﻭﺭ ﺗﮭﺎ ﻣﮕﺮ ﺍﻧﺘﮩﺎﺋﻲ ﺑﺎﮨﻤﺖ ﺑﮭﻲ ﺗﮭﺎ - ﻭﮦ ﺍﭘﻨﻲ ﺭﻭﺯ ﻣﺮّﮦ ﺯﻧﺪﮔﻲ ﮐﮯ ﺍﺧﺮﺍﺟﺎﺕ ﮐﻮ ﭘﻮﺭﺍ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﻣﺰﺩﻭﺭﻱ ﮐﻴﺎ ﮐﺮﺗﺎ ﺗﮭﺎ - ﺍﻥ ﺩﻧﻮﮞ ﻭﮦ ﮔﻠﻲ ﻣﺤﻠﻮﮞ ﻣﻴﮟ ﭼﮭﻮﭨﻲ ﻣﻮﭨﻲ ﭼﻴﺰﻳﮟ ﺑﻴﭻ ﮐﺮ ﺍﭘﻨﮯ ﮐﮭﺎﻧﮯ ﭘﻴﻨﮯ ﺍﻭﺭ ﭘﮍﮬﺎﺋﻲ ﮐﺎ ﺧﺮﭼﮧ ﻧﮑﺎﻟﺘﺎ ﺗﮭﺎ - ﺍﻳﮏ ﺩﻥ ﻭﮦ ﺍﻳﮏ ﻣﺤﻠﮯ ﺳﮯ ﮔﺰﺭ ﺭﮨﺎ ﺗﮭﺎ ﮐﮧ ﺍﺳﮯ ﺷﺪﻳﺪ ﺑﮭﻮﮎ ﮐﺎ ﺍﺣﺴﺎﺱ ﮨﻮﺍ - ﺍﺱ ﻧﮯ ﺭﻭﭘﮯ ﺩﻳﮑﮭﻨﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﺍﭘﻨﻲ ﺟﻴﺐ ﻣﻴﮟ ﮨﺎﺗﮫ ﮈﺍﻻ ﻣﮕﺮ ﺍﺳﮯ ﺍﺱ ﻭﻗﺖ ﺷﺪﻳﺪ ﻣﺎﻳﻮﺳﻲ ﮨﻮﺋﻲ ﺟﺐ ﺍﺳﮯ ﻳﮧ ﻣﻌﻠﻮﻡ ﮨﻮﺍ ﮐﮧ ﺟﻴﺐ ﻣﻴﮟ ﺗﻮ ﺻﺮﻑ ﺍﻳﮏ ﮨﻲ ﺳﮑﮧ ﺑﺎﻗﻲ ﺭﮦ ﮔﻴﺎ ﮨﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﺱ ﺍﻳﮏ ﺳﮑﮯ ﺳﮯ ﺗﻮ ﮐﮭﺎﻧﮯ ﭘﻴﻨﮯ ﮐﻲ ﮐﻮﺋﻲ ﺑﮭﻲ ﭼﻴﺰ ﻧﮩﻴﮟ ﺧﺮﻳﺪﻱ ﺟﺎ ﺳﮑﺘﻲ ﮨﮯ - ﺍﺱ ﻧﮯ ﻓﻴﺼﻠﮧ ﮐﻴﺎ ﮐﮧ ﮐﺴﻲ ﻗﺮیبی ﮔﮭﺮ ﺳﮯ ﻏﺬﺍ ﻣﺎﻧﮓ ﻟﻲ ﺟﺎﮰ - ﺍﺗﻔﺎﻗﻲ ﻃﻮﺭ ﭘﺮ ﺍﺱ ﻧﮯ ﺍﻳﮏ ﮔﮭﺮ ﮐﺎ ﺩﺭﻭﺍﺯﮦ ﮐﮭﭩﮑﮭﭩﺎﻳﺎ - ﺍﻳﮏ ﺟﻮﺍﻥ ﺍﻭﺭ ﺑﺎاﺩﺏ ﻟﮍﮐﻲ ﻧﮯ ﺩﺭﻭﺍﺯﮦ ﮐﮭﻮﻻ - ﻟﮍﮐﮯ نے ﺟﺐ ﺍﺱ ﻟﮍﮐﻲ ﮐﻮ ﺩﻳﮑﮭﺎ ﺗﻮ ﺍﭘﻨﮯ ﺣﻮﺍﺱ ﮐﮭﻮ ﺑﻴﭩﮭﺎ ﺍﻭﺭ ﮐﮭﺎﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﮐﭽﮫ ﻣﺎﻧﮕﻨﮯ ﮐﻲ ﺑﺠﺎﮰ ﺻﺮﻑ ﭘﺎﻧﻲ ﮐﺎ ﺍﻳﮏ ﮔﻼﺱ ﮨﻲ ﻃﻠﺐ ﮐﻴﺎ - ﻟﮍﮐﻲ ﺳﻤﺠﮫ ﮔﺌﻲ ﺗﮭﻲ ﮐﮧ ﻳﮧ ﻟﮍﮐﺎ ﺑﮩﺖ ﺑﮭﻮﮐﺎ ﮨﮯ ﺍﺱ ﻟﻴﮱ ﺍﺱ ﻧﮯ ﺩﻭﺩﮪ ﮐﺎ ﺍﻳﮏ ﮔﻼﺱ ﻻ ﮐﺮ ﻟﮍﮐﮯ ﮐﻮ ﺩﻳﺎ - ﻟﮍﮐﮯ ﻧﮯ ﺑﮍﮮ ﺁﺭﺍﻡ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺩﻭﺩﮪ ﭘﻴﺎ ﺍﻭﺭ ﻟﮍﮐﻲ ﮐﻲ ﻃﺮﻑ ﻣﺘﻮﺟﮧ ﮨﻮ ﮐﺮ ﮐﮩﻨﮯ ﻟﮕﺎ ﮐﮧ ﺍﺱ ﺩﻭﺩﮪ ﮐﮯ ﮐﺘﻨﮯ ﭘﻴﺴﮯ ﺩﻭﮞ ؟
ﻟﮍﮐﻲ ﻧﮯ ﺟﻮﺍﺏ ﺩﻳﺎ ﮐﮧ ﮐﭽﮫ ﺩﻳﻨﮯ ﮐﻲ ﺿﺮﻭﺭﺕ ﻧﮩﻴﮟ ﮨﮯ - ﮨﻤﺎﺭﻱ ﻣﺎﮞ ﻧﮯ ﮨﻤﻴﮟ ﻳﮧ ﺳﮑﮭﺎﻳﺎ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻧﻴﮑﻲ ﮐﺮﮐﮯ ﺍﺱ ﮐﺎ ﺻﻠﮧ ﻣﺖ ﻣﺎﻧﮕﻮ - ﻟﮍﮐﮯ ﻧﮯ ﺍﺱ ﻟﮍﮐﻲ ﮐﺎ ﺑﮍﮮ ﻣﯚﺩﺑﺎﻧﮧ ﺍﻧﺪﺍﺯ ﻣﻴﮟ ﺷﮑﺮﻳﮧ ﺍﺩﺍ ﮐﻴﺎ ﺍﻭﺭ ﻭﮨﺎﮞ ﺳﮯ ﺭﺧﺼﺖ ﮨﻮ ﮔﻴﺎ -
ﺳﺎﻟﻮﮞ ﮐﮯ ﺑﻌﺪ ﻭﮦ ﺟﻮﺍﻥ ﻟﮍﮐﻲ ﺑﻴﻤﺎﺭ ﮨﻮ ﮔﺌﻲ - ﺍﺱ ﻋﻼﻗﮯ ﮐﮯ ﮈﺍﮐﭩﺮﻭﮞ ﻧﮯ ﺍﺱ ﮐﻲ ﺑﻴﻤﺎﺭﻱ ﮐﺎ ﻋﻼﺝ ﮐﺮﻧﮯ ﺳﮯ ﻣﻌﺬﺭﺕ ﮐﺮ ﻟﻲ ﺍﻭﺭ ﺍﺳﮯ ﻋﻼﺝ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﺷﮩﺮ ﺑﮭﻴﺞ ﺩﻳﺎ ﺗﺎﮐﮧ ﺷﺎﻳﺪ ﺷﮩﺮ ﮐﮯ ﻣﺎﮨﺮ ﮈﺍﮐﭩﺮ ﺍﺱ ﮐﻲ ﺑﻴﻤﺎﺭﻱ ﮐﺎ ﻋﻼﺝ ﮐﺮﻧﮯ ﻣﻴﮟ ﮐﺎﻣﻴﺎﺏ ﮨﻮ ﺟﺎﺋﻴﮟ -
ﺍﺱ ﻟﮍﮐﻲ ﮐﺎ ﻣﻌﺎﺋﻨﮧ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﮈﺍﮐﭩﺮ ﮐﻮ ﺑﻼﻳﺎ ﮔﻴﺎ - ﺟﺐ ﮈﺍﮐﭩﺮ ﮐﻮ ﻣﻌﻠﻮﻡ ﮨﻮﺍ ﮐﮧ ﻣﺮﻳﺾ ﻓﻼﮞ ﺷﮩﺮ ﺳﮯ ﺁﻳﺎ ﮨﮯ ﺗﻮ ﺍﺱ ﭘﺮ ﺍﻳﮏ ﻋﺠﻴﺐ ﺳﻲ ﮐﻴﻔﻴﺖ ﻃﺎﺭﻱ ﮨﻮ ﮔﺌﻲ - ﺗﻴﺰﻱ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺍﺱ ﻧﮯ ﮈﺍﮐﭩﺮﻭﮞ ﮐﺎ ﻣﺨﺼﻮﺹ ﻟﺒﺎﺱ ﭘﮩﻨﺎ ﺍﻭﺭ ﺍﺱ ﻣﺮﻳﺾ ﮐﮯ ﮐﻤﺮﮮ ﮐﻲ ﻃﺮﻑ ﮔﻴﺎ - ﺟﻴﺴﮯ ﮨﻲ ﻭﮦ ﮐﻤﺮﮮ ﻣﻴﮟ ﺩﺍﺧﻞ ﮨﻮﺍ ﺍﺱ ﻧﮯ ﭘﮩﻠﻲ ﮨﻲ ﻧﻈﺮ ﻣﻴﮟ ﻟﮍﮐﻲ ﮐﻮ ﭘﮩﭽﺎﻥ ﻟﻴﺎ -
ﮈﺍﮐﭩﺮ ﻧﮯ ﺍﭘﻨﮯ ﻋﻤﻠﮯ ﮐﻮ ﻓﻮﺭﻱ ﺣﮑﻢ ﺩﻳﺎ ﮐﮧ ﺍﺱ ﻣﺮﻳﺾ ﮐﮯ ﻣﻌﺎﻟﺠﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﻓﻮﺭﻱ ﻃﻮﺭ ﭘﺮ ﺗﻤﺎﻡ ﺿﺮﻭﺭﻱ ﺍﻗﺪﺍﻣﺎﺕ ﮐﻴﮯ ﺟﺎﺋﻴﮟ - ﺍﺱ ﻋﻮﺭﺕ ﮐﻲ ﮨﺮ ﻃﺮﺡ ﺳﮯ ﺩﻳﮑﮫ ﺑﮭﺎﻝ ﮐﻲ ﮔﺌﻲ ﺍﻭﺭ ﺍﺱ ﮐﺎ ﺑﮍﻱ ﻣﺤﻨﺖ ﺍﻭﺭ ﺩﻗﺖ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﻋﻼﺝ ﮐﻴﺎ ﮔﻴﺎ -
ﺁﺝ ﺍﺱ ﻣﺮﻳﻀﮧ ﮐﺎ ﮨﺴﭙﺘﺎﻝ ﻣﻴﮟ ﺁﺧﺮﻱ ﺩﻥ ﺗﮭﺎ - ﮨﺴﭙﺘﺎﻝ ﮐﺎ ﺑﻞ ﺍﺩﺍ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﻭﮦ ﻋﻮﺭﺕ ﺑﮯﺣﺪ ﭘﺮﻳﺸﺎﻥ ﺗﮭﻲ ﺍﻭﺭ ﻳﮧ ﺳﻮﭺ ﺭﮨﻲ ﺗﮭﻲ ﮐﮧ ﺷﺎﻳﺪ ﺳﺎﺭﻱ ﻋﻤﺮ ﺍﺱ ﮨﺴﭙﺘﺎﻝ ﮐﺎ ﺑﻞ ﺍﺩﺍ ﻧﮩﻴﮟ ﮐﺮ ﭘﺎﮰ ﮔﻲ - ﮈﺍﮐﭩﺮ ﻧﮯ ﺑﻞ ﺍﭘﻨﮯ ﭘﺎﺱ ﻣﻨﮕﻮﺍﻳﺎ ﺍﻭﺭ ﺍﺱ ﮐﺎﻏﺬ ﮐﮯ ﮐﻨﺎﺭﮮ ﭘﺮ ﺍﻳﮏ ﺟﻤﻠﮧ ﻟﮑﮭﺎ ﺍﻭﺭ ﺍﺳﮯ ﺍﻳﮏ ﭘﻴﮑﭧ ﻣﻴﮟ ﺑﻨﺪ ﮐﺮﮐﮯ ﻋﻮﺭﺕ ﮐﻮ ﺍﺭﺳﺎﻝ ﮐﺮ ﺩﻳﺎ -
ﻋﻮﺭﺕ ﮐﮯ ﮨﺎﺗﮫ ﻣﻴﮟ ﺟﺐ ﻳﮧ ﻟﻔﺎﻓﮧ ﭘﮩﻨﭽﺎ ﺗﻮ ﺍﺱ ﻧﮯ ﭘﺮﻳﺸﺎﻧﻲ ﮐﮯ ﻋﺎﻟﻢ ﻣﻴﮟ ﺍﺱ ﻟﻔﺎﻓﮯ ﮐﻮ ﮐﮭﻮﻻ - ﻭﮦ ﻳﮧ ﺩﻳﮑﮫ ﮐﺮ ﺑﮩﺖ ﺣﻴﺮﺍﻥ ﮨﻮﺋﻲ ﮐﮧ ﺑﻞ ﭘﺮ ﺍﻋﺪﺍﺩ ﮐﻲ ﺑﺠﺎﮰ ﭼﻨﺪ ﮐﻠﻤﺎﺕ ﺩﺭﺝ ﮨﻴﮟ - ﻋﻮﺭﺕ ﻧﮯ ﺁﮨﺴﺘﮧ ﺳﮯ ﺍﻥ ﮐﻠﻤﺎﺕ ﮐﻮ ﭘﮍﮬﺎ -
ﺑﻞ ﭘﺮ ﺩﺭﺝ ﺗﮭﺎ " ﺍﺱ ﺑﻞ ﮐﻲ ﺍﺩﺍﺋﻴﮕﻲ ﭘﮩﻠﮯ ﮨﻲ ﺩﻭﺩﮪ ﮐﮯ ﺍﻳﮏ ﮔﻼﺱ ﮐﻲ ﺻﻮﺭﺕ ﻣﻴﮟ ﮨﻮ ﭼﮑﻲ ﮨﮯ "
" ﻣﻴﺮﮮ ﺧﻴﺎﻝ ﻣﻴﮟ ﮈﺍﮐﭩﺮ ﻳﮧ ﮐﮩﻨﺎ ﭼﺎﮨﺘﮯ ﺗﮭﮯ ﮐﮧ ﻧﻴﮑﻲ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﻴﮱ ﻗﻴﻤﺖ ﻣﻘﺮﺭ ﻧﮩﻴﮟ ﮐﻲ ﺟﺎﺗﻲ "

Thursday, June 15, 2017

دو جہنمی بندوں کو جنت کا انعام

حضرت مولانا محمد انعام الحق قاسمی کہتے ہیں کہ ایک واقعہ قاری محمد طیب صاحب نے لکھا ہے ۔۔۔ پہلے تو میں اس واقعہ کو نقل کرنے سے گھبراتا تھا لیکن جب ان کے بیانات میں پڑھا تو اس کے بعد سنانے کی ہمت ہو گئی، ویسے میں نے بعد میں یہی واقعہ فوائد الفواد میں بھی پڑھا۔ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن دو بندوں کا حساب کتاب لیں گے، ان کے نامہ اعمال میں نیکیاں نہیں ہوں گی، اللہ تعالیٰ ان کو جہنم میں جانے کا حکم فرما دیں گے۔ جب اللہ تعالیٰ ان کو کہیں گے کہ جاؤ جہنم میں، تو ان میں سے ایک تو جہنم کی طرف بھاگ پڑے گا اور دوسرا آہستہ آہستہ چلے گا اور پیچھے مڑ مڑ کر دیکھے گا، پھر چلے گا اور پھر مڑ کے دیکھے گا، کچھ دیر کے بعد اللہ تعالیٰ ان دونوں کو بلائیں گے ۔۔۔ اللہ بھاگنے والے سے فرمائیں گے کہ ہم نے تمہیں کہا: جاؤ جہنم میں اور تم بھاگ ہی پڑے؟ وہ کہے گا: اے اللہ! میں دنیا میں تو آپ کے حکم ماننے میں کوتاہی کر جاتا تھا، اب آپ نے جہنم میں جانے کا حکم دیا تو میں نے سوچا کہ اس حکم کو تو پورا کر ہی لوں، اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ اگر تو سمجھتا ہے کہ میرا حکم اتنا معزز ہے کہ اس پر عمل ہونا چاہیے تو پھر اس کی وجہ سے میں نے تیرے گناہوں کی مغفرت کر دی، لہٰذا اب تو جنت میں چلا جا۔۔۔ پھر اللہ تعالیٰ دوسرے آدمی سے فرمائیں گے کہ تم آہستہ آہستہ بھی جا رہے تھے اور پیچھے مڑ مڑ کر بھی دیکھ رہے تھے، اس کی کیا وجہ ہے؟ وہ کہے گا: یا اللہ! زندگی بھر تیری رحمت میرے ساتھ رہی اور کبھی بھی آپ کی رحمتوں نے مجھے مایوس نہیں ہونے دیا، اگر آپ نے حکم دے دیا کہ جاؤ جہنم میں مگر میں قدم آگے اٹھاتا تھا اور پھر پیچھے مڑ کر دیکھتا تھا کہ شاید تیری رحمت جوش میں آ جائے، اللہ تعالیٰ فرمائیں گے اچھا! اگر تجھے میری رحمت پر اتنا بھروسہ ہے تو میں نے تیرے لیے بھی اپنی جنت کے دروازے کھول دیے ہیں تو بھی اس میں داخل ہو جا..!

Wednesday, June 14, 2017

زندگی کس قدر خوبصورت ہے ۔

کہتے ہیں کہ ایک شخص کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی اور وہ اٹھنے بیٹھنے تک سے قاصر ہو گیا۔ اس کا نچلا دھڑ مفلوج ہو چکا تھا۔ اسے ہسپتال میں جس کمرے میں رکھا گیا، اس میں ایک دوسرا مریض بھی تھا جس کا بستر کھڑکی کے پاس تھا۔ مفلوج شخص سارا دن بستر پر پڑا چھت کو گھورتا رہتا تھا اور زندگی سے مایوسی کا اظہار کرتا رہتا تھا۔

دوسرا مریض زندگی اور زندہ دلی سے بھرپور تھا۔

دوسرا مریض دن میں ایک دو مرتبہ بستر اونچا کر کے کچھ دیر بیٹھتا اور کھڑکی سے باہر دیکھتا۔

پہلا ہفتہ
پہلا مریض: کاش میں اس حادثے میں مرجاتا۔ یوں معذور تو نہ پڑا ہوتا۔

دوسرا مریض، کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے: آہا، کیا بہترین نظارہ ہے، آج تو گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ جھیل میں لہریں اٹھ رہی ہیں اور بطخیں تیرتے دیکھ کر روح تازہ ہوئی جا رہی ہے۔ یہ چھوٹا سا گپلو گپلو سا بچہ اپنی ماں سے ہاتھ چھڑا کر بطخوں سے کھیلنے لگا ہے۔ دوسرے بچے بھی خوشی سے بھاگ دوڑ رہے ہیں۔ ہلکی ہلکی سی بوندیں پڑ رہی ہیں۔ کاش میں کچھ بہتر ہو جاؤں تو اس پارک کے بینچ پر بیٹھ کر پوری شام گزارا کروں گا۔

دوسرا ہفتہ
پہلا مریض: ایک مفلوج شخص کی بھی کیا زندگی ہو گی۔ مجھے لگتا ہے کہ میں کبھی بھی صحت مند نہیں ہو پاؤں گا اور چھت کو گھورتے گھورتے ایک دن مر جاؤں گا۔

دوسرا مریض: آج تو سرخ اور پہلے رنگ کے نئے پھول کھلے ہیں۔ لوگ ان کے پاس سے ٹہلتے ہوئے گہری گہری سانسیں لے رہے ہیں۔ یہ لو، اس وجیہہ مرد نے ایک پھول توڑ دیا ہے اور اس کو اپنی ساتھی کو نذر کر دیا ہے۔ یہ دونوں کتنے خوش ہیں۔ اپنی زندگی سے کتنا لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

تیسرا ہفتہ
پہلا مریض: پتہ نہیں کبھی میں بھی پارک میں چل پاؤں گا کہ نہیں۔

دوسرا مریض: یہ بوڑھا کتنا خوش قسمت ہے۔ وہیل چیئر پر پارک میں آیا ہے۔ دو کم عمر بچے اس کی وہیل چیئر کو دھکیل رہے ہیں۔ بوڑھا بمشکل کھڑا ہو کر چند قدم چلا ہے۔ اس کے چہرے سے خوشی ٹپکی پڑ رہی ہے۔ لگتا ہے کہ اس نے ایک بھرپور زندگی گزاری ہے اور اسی طرح ہنستے مسکراتے آخری سانسیں بھی لے گا۔ کئی لوگ زندگی کے ہر لمحے سے خوشی کشید کرنے کا فن جانتے ہیں۔

چوتھا ہفتہ
پہلا مریض: کبھی کبھی لگتا ہے کہ میں دوبارہ مکمل طور پر ٹھیک ہو جاؤں گا اور اس پارک میں خود بھی جا سکوں گا۔ اب تو میرے پاؤں بھی دوبارہ حرکت کرنے لگے ہیں۔

دوسرا مریض: یہ چھوٹا سا خاندان آج پکنک کا سامان لے کر آیا ہے۔ خاتون نے چادر بچھا دی ہے اور اس پر کھانا سجا دیا ہے۔ بچے ارد گرد کھیل رہے ہیں۔ خوشی سے ان کے چہرے دمک رہے ہیں۔ مرد گاڑی سے چیزیں لا لا کر چادر پر رکھ رہا ہے۔ سکون اور خوشی اسی کا نام ہے۔

دن ایسے ہی گزرتے رہے۔ آہستہ آہستہ پہلے مریض کی صحت بہتر ہونے لگی اور زندگی میں وہ دوبارہ دلچسپی لینے لگا۔ ایک دن کھڑکی والا مریض سوتے میں ہی چپ چاپ فوت ہو گیا۔ اب تک مفلوج مریض بھی کچھ صحت یاب ہو چکا تھا لیکن وہ کھڑکی کے باہر کے نظاروں کو بہت یاد کرنے لگا تھا جن کے بارے میں اب اسے کوئی نہیں بتاتا تھا۔ وہ اتنا صحت یاب ہوا کہ خود سے بیٹھنے کے قابل ہو گیا تو ایک دن اس نے نرس سے درخواست کی کہ اس کو کھڑکی والے بستر پر منتقل کر دیا جائے۔

نرس نے اس کا بستر منتقل کر دیا اور وہ بے تابی سے اٹھ بیٹھ کہ باہر دیکھ سکے۔ مگر اس کو یہ دیکھ کر شدید حیرت ہوئی کہ اب کھڑکی اور پارک کے درمیان ایک اونچی دیوار بن چکی تھی جس کے دوسری طرف دیکھنا ممکن نہ تھا۔

پہلا مریض: ہسپتال والوں نے پچھلے دنوں یہ دیوار بنا کر ظلم کیا ہے۔

نرس حیرت سے: یہ دیوار تو پچھلے بیس سالوں سے یہیں موجود ہے۔

پہلا مریض: کھڑکی والا مریض تو مجھے اسی کھڑکی سے پارک کے نظارے دیکھ دیکھ کر ان کے بارے میں بتایا کرتا تھا جس سے میرے دل میں زندہ رہنے کی خواہش دوبارہ جاگی۔

نرس، سوچتے ہوئے: شاید وہ مریض تمہیں مایوسی سے نکال کر زندگی کی خوبصورتیوں کی طرف واپس لانا چاہتا تھا۔ ورنہ وہ تو یہاں دماغ کی رسولی کا شکار ہو کر اپنی زندگی کے آخری دن گزارنے آیا تھا اور اس رسولی نے اس کو مکمل طور پر اندھا کر دیا تھا۔ شاید مرتے مرتے اس کی یہی ایک نیکی ہی اسے جنت میں لے جانے کے لیے کافی ہو کہ اس نے تمہیں ایک نئی زندگی دے دی ہے۔

Tuesday, June 13, 2017

جوانوں کے سنگ

ایک صاحب تھے جو شادی کی تلاش میں کہیں لمبے نکل گئے اور شادی کی عمر نکل گئی۔ آخر ایک لڑکی پسند آ گئی تو رشتہ بھیج دیا۔ لڑکی نے دو شرطیں رکھیں اور شادی پر تیار ہوگئی۔ پہلی یہ کہ ہمیشہ جوانوں میں بیٹھو گے۔ دوسرے یہ کہ ہمیشہ دیوار پھلانگ کے گھر آیا کرو گے۔

شادی ہوگئی۔ بابا جی جوانوں میں ہی بیٹھتے اور گپیں لگاتے۔ جوان ظاہر ہے صرف لڑکیوں کی اور پیار محبت کی ہی باتیں کرتے ہیں۔ منڈیوں کے بھاؤ سے انھیں دلچسپی نہیں اور نہ ایسے موضوعات سے کچھ لینا دینا۔ باباجی کا موڈ ہر وقت رومینٹک رہتا۔ گھر جاتے تو ایک جھٹکے سے دیوار پھلانگ کر گھر میں دھم سے کود جاتے۔

آخر ایک دن بابا جی کے پرانے جاننے والے مل گئے۔ وہ انھیں گلے شکوے کر کے اور گھیر گھار کے اپنی پنڈال چوکڑی میں لے گئے۔ اب وہاں کیا باتیں ہونا تھیں۔ یار گھٹنوں کے درد سے مر گیا ہوں۔  بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں۔ یار میرا تو وضو ہی نہیں رہتا۔ پیشاب کا قطرہ نکل جاتا ہے۔ میری تو بھائی جان ریڑھ کی ہڈی کا مہرہ کھل گیا ہے۔ ڈاکٹر کہتا ہے جھٹکہ نہ لگے۔ یار مجھے تو نظر ہی کچھ نہیں آتا۔ کل پانی کے بجائے مٹی کا تیل پی گیا تھا۔ ڈرپ لگی ہے تو جان بچی ہے۔ بابا جی جوں جوں ان کی باتیں سنتے گئے توں توں ان کا مورال زمین پر لگتا گیا۔ جب ٹھیک پاتال میں پہنچا تو مجلس برخاست ہوگئی اور بابا جی گھسٹتے پاؤں کے ساتھ گھر کو روانہ ہوگئے۔

گھر پہنچ کر دیوار کو دیکھا تو گھر کی دیوار کے بجائے وہ دیوارِ چین لگی۔ ہمت نہ پڑی دیوار کودنے کی کہ کہیں بابے پھجے کی طرح چُک نہ نکل آئے۔ آخر ماڈل تو دونوں کا ایک ہی تھا۔ بابا جی نے کنڈی کھٹکھٹائی۔ کھٹ کھٹ کھٹ کھٹ۔ اندر سے بیوی بولی: اسی لیے بولا تھا جوانوں میں بیٹھا کر۔ لگتا ہے آج بڈھوں کی مجلس اٹینڈ کر لی ہے اسی لیے ہمت جواب دے گئی ہے۔

نتیجہ: انسان بوڑھا نہیں ہوتا مجلس اسے بوڑھا کر دیتی ہے۔ ماہرین نفسیات لکھتے ہیں کہ معلم اسی لیے جلد بوڑھے نہیں ہوتے کہ وہ بچوں کی مجلس میں رہتے ہیں۔ یوں وہ ماحول ان پر ٹائم اینڈ سپیس کے اثرات کو نیوٹرل کر دیتا ہے۔

جوانوں کے سنگ رہیں
ہمیشہ....... ینگ رہیں